اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے دورہ میڈریڈ میں اسپین کے وزیراعظم سے ملاقات کی- اس ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تبدلیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا- اس ملاقات میں اسپین کے وزیراعظم نے تہران میڈریڈ تعلقات کو خوشگوار قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران اور اسپین کے تعلقات مستقبل میں اور زیادہ فروغ پائیں گے- انھوں نے علاقے میں ایران کے کردار کو بہت زیادہ اہم اور موثر قرار دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسپین کی غیر مستقل رکنیت سے متعلق ایران کی حمایت پر تہران کا شکریہ ادا کیا- اس ملاقات میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی ایران اور اسپین کے تعلقات کو تمام شعبوں میں زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، یمن کی صورت حال، داعش گروہ اور دہشتگردی کے بارے میں ایران کے موقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی- انھوں نے کہا کہ یمن میں فوری طور پر جنگ بندی، امدادی کاروائیوں، یمنی فریقوں کے درمیان مذاکرات اور اس ملک میں ایک وسیع البنیاد حکومت تشکیل دیئے جانے کی ضرورت ہے اور یمن کا بحران صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے-
.......
/169